عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں 12 ہزار سے زائد آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز قائم کیے ہیں تاکہ شہریوں کو جامع طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وہ کیرالہ میں آریہ ویدیا سالا چیریٹیبل اسپتال کی صد سالہ تقریبات سے ورچوئل خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آریہ ویدیا سالا نے اپنی 125 سالہ خدمات کے دوران آیوروید کو ایک مؤثر نظامِ علاج کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے بانی ویدیارَتنم پی ایس وریئر کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عوامی فلاح کے لیے جذبہ اور آیوروید کے فروغ کے لیے لگن آج بھی شہریوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مودی نے آیوروید کے دیرینہ طریقہ علاج کو نسل در نسل عوامی صحت کے لیے کارآمد قرار دیا اور کہا کہ بھارت آیوش پر مبنی میڈیکل ویلیو ٹریول کے لیے ایک معتبر مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوش ویزا کے اجراء نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے آیوروید اور روایتی طب تک رسائی کو آسان بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے آیوش ایکسپورٹ پروموشن کونسل قائم کی ہے تاکہ بھارتی روایتی صحت کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آیوش اور جڑی بوٹیوں پر مبنی مصنوعات کی برآمدات 2014 میں 3 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 6 ہزار 500 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ مودی نے بھارت-یورپی تجارتی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف بھارتی روایتی طبی خدمات کو فروغ دے گا بلکہ آیوروید اور یوگا سے وابستہ نوجوانوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت یورپی یونین میں آیوش ویلنس مراکز قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔