پونچھ// سر سید ایجوکیشن مشن پونچھ کے زیر اہتمام چیئرمین سرفراز میرنے ڈاک بنگلہ پونچھ میں جشن یومِ سر سید کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے اور مہمان اعزازی کے طور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر، مہمان ذی وقار کی حیثیت سے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے شرکت کی۔اس موقعہ پرمعروف شاعر ڈاکٹر لیاقت جعفری کے علاوہ معززین اور افسران وعلمائے کرام اور طلبا نے بھی شرکت کی۔ علی گڑھ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ شیخ سجاد اور ڈاکٹر شمیم بانڈے نے سر سید احمد خان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ بعد از آں چیئر مین سرسید احمد مشن پروفیسر سرفراز میر نے کہا کہ پوری دنیا میں یوم سر سید 17اکتوبرکو منعقد ہوتا ہے اورکسی وجہ سے اس روز وہ تقریب منعقد نہیں کر سکے۔ انہوں نے سرسید ایجوکیشن مشن کی کارکردگی پر بھی مختصر روشنی ڈالی۔ تقریب کی دوسری نشست میں محفل مشاعرہ منعقد کیا جس کی صدارت شیخ سجاد پونچھی نے کی ۔اس موقعہ پرلیاقت جعفری، محتشم احتشام، ڈاکٹر مجاہد مغل، ڈاکٹر امجد علی بابر، مشتاق احمد مشتاق، ع ع عارف، جمیل میر وغیرہ نے اپنے اشعار پیش کر کے خوب داد وتحسین حاصل کی۔اپنے خطاب میں تانترے نے سرسید کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ایسی بزم میں شرکت کرنے پر خوش ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سر سید احمد نے ہندوستان میں تاریخی مشن چلا یااور یہاں تعلیمی نظام کو رائج کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر اور ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے سر سید ایجوکیشن مشن کے تمام کارکنان کو مبارک باد دی ۔ مشاعرے کے دوران نظامت کے فرائض ڈاکٹر خلیق انجم نے انجام دیئے۔