سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کی سرحدی پٹی میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ تلاشی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں ممکنہ ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے انجام دی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق فوج کے چوکس دستوں نے 11 مارچ کی شام تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر راجوری اور پونچھ اضلاع کی سرحد کے قریب واقع ایک مشتبہ علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔
اس کارروائی میں فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔تلاشی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں کو ایک قدرتی غار سے تقریباً چار کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ اس کے ساتھ غار کے اندر باسی پکا ہوا کھانا بھی ملا جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس مقام کو ممکنہ طور پر عسکریت پسندوں کی پناہ گاہ یا عارضی ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ دھماکہ خیز مواد کو حفاظتی اصولوں کے مطابق موقع پر ہی ناکارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تلاشی مہم بھی تیز کر دی ہے۔حکام کے مطابق اس کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیکورٹی فورسز خطے میں دہشت گردوں کے لاجسٹک نیٹ ورک کو ختم کرنے اور ممکنہ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے مسلسل چوکس اور متحرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ ملی ٹینٹ کی موجودگی کا سراغ لگانے کے لیے تلاش کا عمل بدستور جاری ہے۔