جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاہے کہ حکومت بین الاقوامی سرحد پر رہائش پذیر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ اُن کے معاملات اٹھائے گئے ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ جموں صوبے کے بین الاقوامی سرحد پر رہایش پذیر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔ پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ایڈیشنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ و دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ بین الاقوامی سرحد پر رہائش پذیر لوگوں کو لائین آف کنٹرول پر رہنے والے لوگوں کی طرز پر ریزر ویشن فراہم کرنے کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ان لوگوں کو معاوضہ فراہم کرنے کے سلسلے میں اُن کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے لوگ ملک کی حفاظت کیلئے اپنی قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ اُن کے مسائل حل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ کیا جائے تا کہ یہ لوگ مزید مشکلات کے شکار نہ ہوں ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ سے کئی وفود ملے اور نائب وزیر اعلیٰ نے اُن کے تمام جائز مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔