محتشم احتشام
پونچھ// سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں شب القدر نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے مساجد کا رخ کر کے پوری رات عبادت، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآنِ پاک میں بسر کی۔ اس بابرکت رات کے موقع پر دونوں اضلاع کی مساجد روحانی مناظر پیش کرتی رہیں اور ہر طرف نورانیت، خشوع و خضوع اور عاجزی کی کیفیت نمایاں رہی۔ضلع پونچھ میں مرکزی جامع مسجد پونچھ، مرکز عیدگاہ کی جامع مسجد سمیت دیگر بڑی و چھوٹی مساجد میں خصوصی محافلِ شب بیداری کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح ضلع راجوری کے مختلف علاقوں، بالخصوص راجوری قصبہ، تھنہ منڈی، درہال اور نوشہرہ کی مساجد میں بھی عقیدت مندوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس مقدس رات کو عبادت میں گزارا۔اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطابات میں شب القدر کی فضیلت، اہمیت اور اس کے روحانی پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ رات اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم انعام ہے، جس میں عبادت کا اجر ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔ علما نے امتِ مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اس رات کو ضائع نہ کریں بلکہ کثرت سے استغفار، نوافل اور ذکر و اذکار میں مشغول رہیں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔نمازِ عشاء اور تراویح کے بعد مساجد میں خصوصی نوافل، تسبیحات اور اجتماعی دعاؤں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے اجتماعی طور پر اپنے گناہوں کی معافی، امتِ مسلمہ کی بھلائی، ملک میں امن و استحکام اور دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں موجود نمازیوں کی آنکھیں اشکبار تھیں اور ہر طرف رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔شہریوں نے اس موقع پر کہا کہ شب القدر نہ صرف عبادت کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے بلکہ یہ اتحاد، بھائی چارے اور دینی وابستگی کو بھی فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے اس روحانی اجتماع کو ایک حسین اور یادگار منظر قرار دیا۔ضلعی انتظامیہ پونچھ اور راجوری کی جانب سے سیکورٹی، روشنی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث عبادت گزاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ مجموعی طور پر دونوں اضلاع میں شب القدر کا اہتمام انتہائی پرامن، منظم اور روحانیت سے بھرپور رہا، جس نے اہلِ ایمان کے دلوں کو سکون اور تازگی بخشی۔