پونچھ//پونچھ قصبہ کے محلہ سرائے اور کھوڑی ناڑ کی جانب سے شیو کھوڑی کوجانے والے راستے کی خستہ حالت ہے ۔سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پڑے ہیں اورکئی مقامات پر سڑک ٹوٹ کر گندے نالے کے ساتھ مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ایک اہم سڑک ہے جس سے ہو کر سینکڑوں لوگ شیو کھوڑی مندر، محلہ پاور ہائوس، پونچھ بر یگیڈ اور کھوڑی ناڑ جاتے ہیں جنہیں اس سڑ ک پر سے گزرتے ہوئے کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصی طور پر اسکول جانے والے طلبہ و طالبات اور بزرگوں کو اس خستہ حال سڑک پر شدید پریشانی ہوتی ہے۔ ایک بزرگ خاتون نے کہاکہ گردوارہ جاتے ہوئے وہ کئی بار گر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب راستے کچے تھے تو وہ لوگ آرام سے گزرتے تھے اور اپنے راستے خود ٹھیک کر لیتے تھے لیکن اب سرکار کی جانب سے پختہ سڑکیں تعمیر کی توجاتی ہیں لیکن ان کی ساتھ ساتھ مرمت نہیں کی جاتی اورنتیجہ میںعام لوگ پریشان ہو تے ہیں۔ سردار ہر بجن سنگھ نے کہا کہ وہ لوگ کئی بار احتجاجی مظاہرے کر چکے ہیں اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کر کے اس سڑک کی مرمت کا مطالبہ کر چکے ہیں لیکن ان کی ایک نہیں سنی جاتی ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کریں اور خود دورہ کر کے سڑک کی حالت دیکھیں اور اس کے بعد متعلقہ محکمہ کو سڑک کی مرمت کی ہدایت کریں ۔اس دوران دیگر مقامی لوگوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد سڑک کی مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ لوگ احتجاج کریں گے۔