جموں//نگروٹہ تحصیل کے اطراف و اکناف میں بجلی سپلائی کے حوالے سے بحرانی صورت حال پرعلاقہ کے عوام میں شدیدتشویش پائی جارہی ہے خاص کرماہ صیام میں علاقہ میں محکمہ بجلی کی طرف سے غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی و محکمہ صحت عامہ کی طرف سے غیر سنجیدگی کے مظاہرے نے نگروٹہ تحصیل کے عوام کو شدت کی اس گرمی میںمخمصے میں ڈال دیا ہے اور علاقہ میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے خاص طور پرتحصیل کے درجنوں دیہات کے لوگوں کو بھاری مصائب کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔نمائندہ سے بات کرتے ہوئے درابی کے مولوی غلام محمدودیگرلوگوں نے کہاکہ جموں میں گرمی کی تیز لہر کے چلتے درجہ حرارت 44 ڈگری کو پار کررہا ہے اورماہ رمضان کامقدس مہینہ چل رہاہے ۔اس کے باوجود محکمہ بجلی اورمحکمہ پی ایچ ای مڑھ،درابی ، بمبیال،شیباودیگرعلاقوں میں بجلی اورپانی سپلائی فراہم کرنے میں متعلقہ محکمے ناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں بجلی نظام اورپانی کی سپلائی میں بہتری لانے کے مخلوط سرکار کے بلند بانگ دعوﺅںمیں کوئی صداقت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ نگروٹہ تحصیل کی بیشترمسلم بستیوں میں سحری ،افطاراورتراویح کے اوقات میں بجلی غُل ہوجاتی ہے جس سے روزہ داروں کوتکلیفوں سے گذرناپڑرہاہے۔پانی کی قلت کے بارے میں لوگوں نے کہاکہ پہلے محکمہ پی ایچ ای ٹینکروں کے ذریعے موسم گرمامیں پانی کی قلت دورکرتاہے لیکن امسال ماہ رمضان جوشدت کی گرمی میں آیاہے میں مسلم بستیوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی سپلائی کرنے کی طرف متعلقہ محکمہ کوئی توجہ نہیں دے رہاہے جوکہ افسوسناک بات ہے۔مڑھ ،درابی،ڈنسال ودیگرعلاقہ جات کے لوگوں نے کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محکمہ متعلقہ پر الزام لگایا کہ تحصیل نگروٹہ کے درجنوں دیہات میں لوگوں کورمضان میں بھی بجلی کی بارہا آنکھ مچولی اور شدت کی اس گرمی میںجینا محال ہوگیا ہے کیو نکہ محکمہ نے سحری،افطاراورتراویح کے مخصوص اوقات میں غیراعلانیہ بجلی کٹوتی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے اور علاقہ کے عوام میں محکمہ بجلی و محکمہ صحت عامہ کے تئیںبھاری تشویش پائی جارہی ہے اور محکمہ بجلی و محکمہ صحت عامہ عوام کی بھاری مانگوں کے باوجود غفلت شعاری کے باعث خواب خرگوش میں مبتلاہے ۔علاقہ کے عوام نے ریاستی وزیراعلیٰ اورمحکمہ بجلی کے وزیرسنیل شرمااورپی ایچ ای وزیر شام چودھری سے اس سلسلہ میں خصوصی طور سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف فوری توجہ دیں اور تحصیل نگروٹہ کے دیہات میں خصوصی طور پرماہ رمضان کے دوران بجلی وپانی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ بصور ت دیگر علاقہ کے عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوجائیں گے۔