ترقی یافتہ ہندوستان کی سمت میں شہروں کا اہم کردار:مودی
یو این آئی
ترواننت پورم//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر کیرالہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) برسراقتدار آتی ہے تو سبری مالا ایپا مندر سے وابستہ سونے کی مبینہ چوری یا نقصان کے ذمہ داروں کو جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے اسے عقیدت مندوں کے لیے اپنی ذاتی گارنٹی قرار دیا۔بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی انتخابی مہم کے سلسلے میں یہاں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے حکمراں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) پر عقیدت مندوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ محض انتظامیہ کا نہیں بلکہ عقیدے کا ہے اور یقین دلایا کہ بی جے پی حکومت جوابدہی سختی سے طے کرے گی۔مندر کی عمارتوں سے وابستہ سونے کی مبینہ گمشدگی کی جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس معاملے کی جامع تحقیقات کرائی جائیں گی اور تمام مجرموں کو قید کی سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس کیس کی تحقیقات اس وقت ہائی کورٹ کی کڑی نگرانی میں کیرالہ پولیس کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے ترواننت پورم کارپوریشن میں بی جے پی کی حالیہ جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے ایک سنگ میل قرار دیا جو کیرالہ میں پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔اس موقع پر نئی ریل خدمات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سمیت کئی ترقیاتی اقدامات کا آغاز اور اعلان بھی کیا گیا، جس نے ریاست میں ترقی اور صاف ستھری انتظامیہ کے بی جے پی کے انتخابی بیانیے کو مزید تقویت دی۔ مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے کام میں پورا ملک مصروف ہے۔ ہمارے شہروں نے اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ 11 برسوں میں ہماری حکومت نے شہری بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ وزیر اعظم نے کیرالہ کو جوڑنے والی تین امرت بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔وزیر اعظم نے محنت کشوں اور غریبوں کی مدد کے لیے اپنی حکومت کی مختلف اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کے علاج کے لیے مفت بیمہ سہولت، خواتین کے لیے ماتر وندنا اسکیم اور ریہڑی پٹری پر کام کرنے والے افراد کے لیے سونِدھی اسکیم کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 12 لاکھ روپے تک کی سالانہ ذاتی آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جس سے متوسط طبقے کو فائدہ ہوا ہے۔ غریبوں کے بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے پی ایم سوریہ گھر اسکیم چلائی جا رہی ہے۔ مودی نے کہا کہ آج کیرالہ کی ترقی کو نئی رفتار ملی ہے۔ مرکزی حکومت کی کوششوں سے ریاست میں ریلوے رابطہ آج سے مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ترواننت پورم شہر کو ملک کا ایک بڑا شہری اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ریاست اور پورے ملک میں غریبوں کی فلاح کے لیے پی ایم سونِدھی کارڈ اور سونِدھی کریڈٹ کارڈ اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔