جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے سیول سیکرٹریٹ میں سینٹرل ایگزیکٹونگ ایجنسی این ایچ آئی ڈی سی ایل کے ذریعے جموں وکشمیر کے بس پورٹس کو ترقی دینے کے سلسلے میں منصوبے پر غور و خوض کیا۔ایڈیشنل کمشنر راہول شرما، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وکاس شرما، ایم ڈی ، ایس آر ٹی سی ڈاکٹر منموہن سنگھ، اے ڈی سی کانتا دیوی کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ، ایس آر ٹی سی اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے متعلقہ افسروں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ڈاکٹر سامون نے اس مقصد کے لئے اراضی کی دستیابی اور نشاندہی کرنے کے عمل پر سیر حاصل بحث کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے تحت ان بس پورٹس کے لئے120 کنال اراضی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو ان پورٹس کی تعمیر کے لئے مفت زمین فراہم کرنی ہوگی اور ایک تجویز این ایچ آئی ڈی سی ایل کو پیش کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اس مقصد کے لئے40 فیصد رقومات فراہم کرے گی اور باقی ماندہ رقم ریاستی حکومت پی پی پی موڈ پر اکٹھا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بس پورٹس بسوں کو رکھنے کے لئے بنیادی ڈھانچہ، ٹکٹ کاؤنٹر، فوڈ کورٹ، ریسٹ روم اور پارکنگ کی سہولیات موجود ہوں گی۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مقصد کے لئے مکمل تال میل کے ساتھ درکار اراضی کی نشاندہی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ بس پورٹس کی تجویز کو ترتیب دیتے ہوئے مرکز کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔