بانہال// رام بن کے دھندراٹھ کے علاقے میں کالے ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے ضلع ہسپتال رام بن میں منتقل کیاگیا ہے۔ اس حادثے میں زخمی کی شناخت 52 سالہ غلام محمد وانی ولد غلام رسول وانی ساکنہ دھندراٹھ پٹن تحصیل و ضلع رام بن کے طور کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پیر کی صبح پٹن دھندراٹھ کی بستی کے نزدیک یہ ریچھ مکئی کے کھت میں گھس کر مکئی کھا رہا تھا اور جب اسے وہاں سے نکالنے کی کوشش کی گئی تو ریچھ نے غلام محمد وانی پ حملہ کر دیا جس کی وجہ سے اس کے سر ، بازئوں اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید اور گہرے زخم آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دن کے اجالے میں ہوئے اس جنگلی جانور کے حملے کے بعد وہاں موجود لوگوں کے شور شرابہ کے بیچ ایک مقامی نوجوانوں نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریچھ کو اپنا شکار چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کردیا اور غلام محمد کو اس کے چنگل سے چھڑایا گیا۔ انہوں نے بعد میں زخمی کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔اس سلسلے میں رینج افسر وائلڈ لائف ضلع رام بن منصور احمد خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع رام بن کے دھندراٹھ، چبہ اور کمیت میں جنگلی جانوروں کی نقل وحرکت کے بعد محکمہ جنگلی حیات کی ایک ٹیم علاقے میں روانہ کی گئی تاکہ اس جنگلی درندے کو نکال بھگایا جاسکے۔