عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی// ضلع ریاسی میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر بین الادارہ ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے مقصد سے سبسڈیئری ملٹی ایجنسی سینٹر (ایس ایم اے سی) کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ یہ میٹنگ ضلع پولیس دفتر ریاسی میں ہوئی جس کی صدارت ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کٹرا وپن چندرن نے کی۔میٹنگ میں مختلف سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی جن میں سی آر پی ایف، فوج، جموں و کشمیر پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان شامل تھے۔ اجلاس کے آغاز میں اے ایس پی کٹرہ نے تمام افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔اجلاس کے دوران ضلع ریاسی میں موجودہ امن و امان کی صورتحال، جمہوریہ ہند یومِ جمہوریہ 2026 کے موقع پر سیکورٹی انتظامات، عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت، ملی ٹینسی کے بدلتے ہوئے رجحانات اور ممکنہ طور پر اس کے دوبارہ ابھرنے کے خدشات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اوور گراؤنڈ ورکرز، ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں اور لاپتہ نوجوانوں کی نگرانی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی، نیز نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔میٹنگ میں مختلف ایجنسیوں کے افسران نے اپنے فیلڈ تجربات، انٹیلی جنس تجزیات اور ضلع کی مجموعی سیکورٹی سے متعلق اہم معلومات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیں۔ اے ایس پی کٹرہ نے اپنے خطاب میں بروقت اور مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی ہی ضلع میں امن و سلامتی کو یقینی بنا سکتی ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ ایجنسیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع ریاسی میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لئے باہمی تال میل، تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔