عظمی نیوزسروس
جموں//انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے پیر کے روز ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں محکمہ سماجی بہبود کے ایک جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لینے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔اے سی بی جموں کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 03/2026درج کر کے ملزم دیس راج، جونیئر اسسٹنٹ محکمہ سماجی بہبود بلاور، کے خلاف انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1988کی دفعہ 7کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے شکایت کنندہ سے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے اسٹیٹ میرج اسسٹنس سکیم کے تحت مالی امداد جاری کرنے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی، جبکہ شادی کی تاریخ 16اپریل 2026مقرر ہے۔مزید بتایا گیا کہ بات چیت کے بعد ملزم 5ہزار روپے رشوت لینے پر آمادہ ہو گیا۔ شکایت کنندہ پہلے ہی 1500روپے بطور رشوت ادا کر چکا تھا، جبکہ بعد میں مزید 3000روپے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا تاکہ 50ہزار روپے کی امداد جاری کی جا سکے۔چونکہ شکایت کنندہ رشوت دینا نہیں چاہتا تھا، اس لیے اس نے قانونی کارروائی کے لیے اے سی بی سے رجوع کیا۔بیان کے مطابق، شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ تصدیق کی گئی جس میں رشوت طلب کرنے کی بات درست پائی گئی، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئیں۔تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آزاد گواہوں کی موجودگی میں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔ملزم کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی، جبکہ اس کی رہائش گاہ کشور پور، بلاور میں مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔