ہندوستانی مینوفیکچرنگ میں گراوٹ پر تشویش
ایجنسیز
میونخ//کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کے روز جرمنی کے شہر میونخ میں واقع معروف آٹو موبائل کمپنی بی ایم ڈبلیو کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بی ایم ڈبلیو ویلتھ اور بی ایم ڈبلیو پلانٹ کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں جدید مینوفیکچرنگ تکنیک اور عالمی معیار کی انجینئرنگ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی حاصل کی۔ راہل گاندھی نے اپنے دورے کے حوالے سے کہا کہ بی ایم ڈبلیو میں جدید ٹیکنالوجی، آٹومیشن اور اعلیٰ درجے کی انجینئرنگ کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جو کسی بھی مضبوط معیشت کی بنیاد ہوتی ہے۔کانگریس پارٹی نے اس دورے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی، جس میں راہل گاندھی کو مختلف کاروں اور موٹر سائیکلوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں خاص طور پر ٹی وی ایس کی 450 سی سی موٹر سائیکل کا ذکر کیا گیا، جو بی ایم ڈبلیو کے ساتھ شراکت داری میں تیار کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق، راہل گاندھی اس موٹر سائیکل کو دیکھ کر خاصے خوش دکھائی دیے اور اسے ہندوستانی انجینئرنگ کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔ویڈیو میں راہل گاندھی نے ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معیشتوں کی ریڑھ کی ہڈی مینوفیکچرنگ ہوتی ہے، لیکن بدقسمتی سے ہندوستان میں یہ شعبہ سکڑ رہا ہے۔