سمت بھارگو
راجوری//راجوری ہائی وے پر پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک خاتون اور اس کا پانچ روزہ نومولود بچہ جاں بحق ہو گئے جبکہ کار ڈرائیور زخمی ہو گیا۔حادثہ پیر کی سہ پہر اس وقت پیش آیا جب جموں سے راجوری کی جانب آ رہی ایک کار زیر نمبر JK05C 8423 کی اسکول بس زیرنمبر JK11G 8076 کے ساتھ زور دار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار میں سوار افراد شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سندربنی منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے خاتون اور اس کے پانچ روزہ نومولود بچے کو مردہ قرار دے دیا۔
متوفیہ کی شناخت شہناز اختر (40) زوجہ عبدالمجید ساکن منڈی ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والا نومولود اس کا پانچ روزہ بچہ تھا۔ اس حادثے میں کار ڈرائیور شکیل احمد ولد محمد صادق سکنہ منڈی پونچھ زخمی ہو گیا جس کا علاج ہسپتال میں جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔اس افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں غم کی فضا پائی جا رہی ہے اور مقامی لوگوں نے سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔