راجوری //حکام نے تعلیمی معیار کو فروغ دینے کے مقصد سے نئے قواعد جاری کرتے ہوئے کلاس روم میں اساتذہ کی طرف سے فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ساتھ ہی ان ٹھیکیداروں کے نام سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جنہوںنے تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ رکھاہے اور انہیں تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر کام شروع نہ ہواتو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیاجائے گا۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری چوہدری لعل حسین کی طرف سے ایک حکمنامہ جاری ہواہے جس کے مطابق تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اساتذہ کلاس روم میں فون کا استعمال نہ کریں ۔ساتھ ہی یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ ان ٹھیکیداروں کے نام بتائے جائیں جنہوںنے تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ رکھاہے ۔ اس سلسلے میں زونل ایجوکیشن افسران سے کہاگیاہے کہ وہ ٹھیکیداروں کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ ایک ہفتے کے اند راندر کام شروع کریں نہیں تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرایاجائے ۔اس کے علاوہ دیگر ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں اساتذہ کی طرف سے پانچ نکاتی Lesson Plan،لاگ بک اور مومنٹ رجسٹر کی تیاری ،داخلہ حاضری رجسٹر سمیت سکول کے تمام اہم ریکارڈکی تیاری ،مڈ ڈے میل مینو کو چسپاں کرنا، کھیل کود کی سرگرمیاں ، ہفتہ واری کوئز مقابلہ جات ،ماہانہ بنیاد پر مباحثے اور سیمینار،سکولی عمارتوں کوسفیدی کرنا اور سامنے والی طرف سکول کا نام لکھنا ، صبح کی اسمبلی کواچھی طرح سے منعقد کرنا ،اخلاقی تعلیم پر خطبے دینا ، بلیک بورڈ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا اور اساتذہ اور والدین کے درمیان متواتر میٹنگوں کا انعقاد کراناشامل ہے ۔