سرنکوٹ //وزیر برائے پشو و بھیڑ پالن و ماہی پالن عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست میں ترقی کا ایک نیا باب کا آغاز کرنے کیلئے پُر عزم ہے اور ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کئی تاریخی قدم اٹھائے گئے ہیں ۔ وزیر ضلع پونچھ کے لسانا دیہات میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور دراز و دشوار گذار علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کیلئے حکومت نے کئی ریاستی سکیمیں اور مرکزی معاونت والے پروگرام شروع کی ہیں ۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان دو اضلاع میں چھوٹے اور بڑے پیمانے کے ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور تکمیل کے بعد ان پروجیکٹوں سے ان دو اضلاع میں ترقیاتی صورتحال میں واضح تبدیلی آئے گی اور نوجوانوں کیلئے بھی روز گار کے مواقعے دستیاب رہیں گے ۔ دورے کے دوران متعدد وفود وزیر سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا جن میں آبی ذخائیر پر حفاظتی باندھوں کی تعمیر ، ذیلی سڑکوں ، نالیوں کی تجدید و مرمت اور سکولوں کا درجہ بڑھانا شامل ہے ۔ وزیر نے انہیں بغور سُنا اور یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں کو مرحلہ وار طور پورا کیا جائے گا ۔