عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع قانونی خدمات اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) راجوری اور ضلع کی تمام تحصیل قانونی خدمات کمیٹیوں کی جانب سے عوام اور مقدمات میں شامل فریقین کو 14 مارچ 2026 کو منعقد ہونے والی نیشنل لوک عدالت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس لوک عدالت کا مقصد زیر التوا معاملات کو باہمی رضامندی اور ثالثی کے ذریعے جلد اور خوشگوار طریقے سے حل کرنا ہے۔ڈی ایل ایس اے راجوری کی جانب سے جاری ایک ہینڈ آؤٹ میں بتایا گیا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے فریقین، مقدمہ باز افراد، وکلاء اور عام شہری اپنے معاملات کے حوالے سے رہنمائی یا مدد حاصل کرنے کے لئے دفتر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی راجوری یا متعلقہ تحصیل قانونی خدمات کمیٹیوں سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق شہری دفتری اوقات کار یعنی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ذاتی طور پر دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا فراہم کردہ رابطہ نمبروں پی ایل وی ایس 9858424128، 9596626010 اور ڈی ایل ایس اے رابطہ نمبر 01962-264200 پر بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ فریقین اپنی درخواست متعلقہ عدالتوں میں جمع کرا کے اپنے مقدمات کو نیشنل لوک عدالت میں شامل کروا سکتے ہیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے تنازعات کا تصفیہ ممکن بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق لوک عدالت کا بنیادی مقصد عوام کو کم وقت اور کم خرچ میں انصاف فراہم کرنا ہے۔تاہم اعلامیہ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس نیشنل لوک عدالت میں بجلی اور پانی کے زیر التوا بلوں سے متعلق معاملات کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ ڈی ایل ایس اے راجوری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے تنازعات کو دوستانہ ماحول میں حل کرنے کیلئے آگے آئیں۔