راجوری//راجوری میں بھاجپا کی دوروزہ ریاستی سطح کی ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ اختتام پذیر ہوگئی ۔اس میٹنگ کا پہلامرحلہ گزشتہ رو ز ڈاک بنگلہ راجوری میں ہواتھاجس کی صدارت مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کی جبکہ دوسرے روز کا اجلاس ایک نجی ہوٹل میںہواجس کی صدارت پارٹی کے ریاستی صدر ست پال شرما نے کی جبکہ اس موقعہ پر پارٹی سے وابستہ کابینہ وزراءاور سینئر لیڈران بھی موجودتھے ۔پور ے دن تک چلنے والے اجلاس میں تفصیل کے ساتھ پارٹی امور اور موجودہ سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ کا اختتام شام کو ہوا جس کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈران ، ممبران قانون سازیہ اور وزراءجموں کیلئے روانہ ہوگئے ۔دریں اثناءذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ نے کہاکہ یہ میٹنگ ہر تین مہینے کے بعد ہواکرے گی جس میں سیاسی صورتحال اور وزراءکی کارکردگی کا معائنہ کیاجائے گا۔بھاجپا کے 44مشن کے سوال کے ایک جواب میں کھنہ نے کہاکہ پارٹی کشمیر میں مضبوط ہوتی جارہی ہے اور اب پارٹی کے کشمیر وادی سے تین ممبران قانون سازکونسل اوروزیر مملکت کے عہدے والے کئی وائس چیئرمین اور تین لاکھ سے زائد ممبران بھی ہیں جس سے پارٹی کی مضبوطی کا اندازہ ہوتاہے ۔