سمت بھارگَو
راجوری//راجوری ضلع کی جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ کے بعد چند پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق، راجوری ضلع جیل واقع دھنگری میں کچھ قیدی کسی مسئلے پر زبانی بحث میں الجھ گئے، اور دو گروپوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی جس سے ہائی سیکیورٹی جیل میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔ اس جیل میں کئی بدنام زمانہ قیدی بھی ہیں جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
جیل حکام اور جیل میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی فوری طور پر موقع پر پہنچائی گئی، لیکن جھڑپ جاری رہی۔اگرچہ پولیس اہلکاروں نے سخت کوششوں کے بعد صورتحال پر قابو پالیا، لیکن رپورٹ کے مطابق چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جیل کے احاطے میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی ماہرین کی ٹیم بھی تعینات کی گئی تاکہ کسی بھی زخمی قیدی کی نگرانی کی جا سکے۔سینیئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں تاکہ امن و امان قائم رکھا جا سکے اور اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔سینیئر افسران بشمول ڈی آئی جی راجوری۔پونچھ رینج اور ایس ایس پی راجوری نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جیل کا دورہ کیا۔