ڈوڈہ //دور افتادہ علاقوں کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جو کام ستر برسوں سے نہیں ہوئے تھے وہ موجودہ سرکار نے سات سال میں کئے، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی سرکار 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس و سب کے وشواس' نعرے پر گامزن ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت و سانس و ٹیکنالوجی کے وزیر (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقہ بھلیسہ کالگونی میں 'سیوا بھارتی' نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے منعقد تقریب سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس دوران انہوں نے کالگونی مندر کے احاطے میں تعمیر درون ہوسٹل و سہارا گروپ، این ایچ پی سی، او ہیلتھ گروپ و گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے اشتراک سے منعقدہ 'ڈاکٹر آن وہیلز' کے نام سے میڈیکل کیمپ کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر سہارا گروپ کے ڈائریکٹر شنکر ماتم، چیرمین این ایچ پی سی ابھے کمار سنگھ، ڈاکٹر رام کمار قومی ممبر سیوا بھارتی، ڈاکٹر انیل کمار صدر جموں و کشمیر سیوا بھارتی، سابق ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل کے ڈی ڈی سی کونسلر ،ضلع و مقامی انتظامیہ کے آفسران، بی جے پی و سیوا بھارتی کے کارکنان نے شرکت کی۔طبی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر موصوف نے وزیر اعظم مودی کی طرف سے دیئے گئے نعرہ 'ڈیجیٹل ہیلتھ مشن' کی ایک کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سہارا گروپ، این ایچ پی سی، سیوا بھارتی و جی ایم سی ڈوڈہ کے اشتراک سے منعقدہ کیمپ تین ماہ تک ڈوڈہ ضلع میں جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں موجود ایمبولینس میں ہر طرح کی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں جبکہ ملک کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے پیش نظر یہ ایسا پہلا میڈیکل کیمپ ہے جہاں ہر مریض کی بلا لحاظ مذہب و ملت و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ہر طرح کی طبی جانچ پڑتال ہو گی۔خطہ چناب میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں دہلی سے جاری ایکسپریس شاہراہ کی تعمیر سے جموں و کشمیر کی عوام کو راحت ملے گی وہیں وادی چناب میں داخل ہونے میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سدمہادیو تا کھیلینی قومی شاہراہ، بھدرواہ چھتر گلہ ٹنل و ٹھاٹھری ہماچل قومی شاہراہ، بھدرواہ میڈیکل پلانٹ، کشتواڑ ہوائی اڈہ کی تعمیر سے نہ صرف علاقہ میں تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا وہیں مقامی لوگوں کو روزگار کے وسائل بھی فراہم ہوں گے۔انہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان پروجیکٹوں میں بھرتی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ہر وقت ہمیں اس بات کی تلقین کرتے ہیں کہ وہ سماج کے ہر کمزور فرد و طبقہ کی ترقی و خوشحالی سیاسی، مذہبی و لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انسانیت کی بنیاد پر کرنی چاہیے۔میڈیا کی طرف سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی و کچھ ڈاکٹروں کی عرصہ دراز سے غیر حاضری پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر کے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پنچ سے لے کر منتری تک صرف الیکشن تک کسی جماعت کا ہوتا ہے لیکن منتخب ہونے کے بعد وہ ہر فرد و طبقہ کا نمائندہ ہوتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف چلائی جارہی اسکیموں و ترقیاتی منصوبوں سے بھر پور فائدہ حاصل کریں۔