عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان کھائی میں گرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی شناخت منشی حسین ولد محمد یونس کے طور پر ہوئی ہے جو ضلع راجوری کے نگروٹہ علاقے کا رہائشی تھا۔اطلاع کے مطابق منشی حسین روزگار کی تلاش میں کشمیر جا رہا تھا اور وہ ایک مسافر گاڑی میں سفر کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق جب گاڑی دیرہ کی گلی کے مقام پر کچھ دیر کیلئے رکی تو منشی حسین گاڑی سے نیچے اترا اور سڑک کے کنارے کی طرف چلا گیا۔ اسی دوران وہ اچانک پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ انتہائی اچانک پیش آیا اور نوجوان کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔ کھائی میں گرنے کے باعث اسے شدید چوٹیں آئیں جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی۔ پولیس کے ساتھ مقامی لوگوں اور فوجی اہلکاروں نے بھی ریسکیو کارروائی میں حصہ لیا۔ کافی کوششوں کے بعد نوجوان کی لاش کو کھائی سے باہر نکالا گیا۔پولیس حکام کے مطابق لاش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے نزدیکی سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔اس افسوسناک حادثے سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے نوجوان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔