عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ جمعرات کی رات سے ہی تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جس کا اثر جمعہ کی صبح واضح طور پر دیکھنے میں آیا۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور اطراف کے علاقوں میں بونداباندی کے بعد ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی اور سردی کی شدت بڑھ گئی۔تیز ہواؤں اور مسلسل بادلوں کے باعث سردی کا احساس برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 24 جنوری کو بھی موسم تقریباً اسی طرح رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سترہ اور کم سے کم سات ڈگری سیلسیئس تک جا سکتا ہے۔ 25 جنوری کی صبح ہلکے سے درمیانی کہرے کے امکانات ہیں، جبکہ درجہ حرارت سترہ سے چھ ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہ سکتا ہے۔تیز ہواؤں اور بارش کا اثر فضائی معیار پر بھی پڑا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ اور اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق این سی آر کے کئی علاقوں میں فضائی معیار اشاریہ میں جزوی بہتری دیکھی گئی ہے۔ غازی آباد کے بعض علاقوں میں فضائی معیار اب بھی تشویش ناک سطح پر ہے، تاہم کچھ مقامات پر حالت انتہائی خراب درجے سے نکل کر نسبتاً بہتر سطح کی طرف آئی ہے۔نوئیڈا کے مختلف سیکٹروں میں فضائی معیار میں ہلکا سا سدھار ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دہلی کے آنند وہار، اشوک وہار، بوانا اور دیگر علاقوں میں آلودگی کی سطح اب بھی بلند ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش اور تیز ہوائیں فضا میں موجود آلودہ ذرات کو منتشر کرنے میں مدد دیتی ہیں، اسی وجہ سے فضائی معیار میں وقتی بہتری نظر آ رہی ہے۔