جموں//ڈوگرہ صدر سبھا کی جانب سے 31جنوری کے دن کو خواتین کی حصولیابیوں کے دن کے طور پر ’دھیاں ڈوگرے دیاں۔اِک ملاٹی ‘کے عنوان سے تقریب کااہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پر تعلیم ، فن و تمدن،قانون، سماجیات اور دیگر شعبوں میں خواتین کی جانب سے دکھائی گئی اعلیٰ کارکردگیوں کو اجاگر کیا گیا۔اس تقریب کا انعقاد ، ناری شکتی ، کے طور پر کیا گیا تھا۔مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو ہر سال ناری شکتی کے طور پر منایا جانا چاہئے تاکہ خواتین کی حصولیابیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل کا جائیزہ لے کر انہیں حل کرنے کی سمت میں مناسب قدم اٹھائیں جاسکیں۔ڈوگرہ صدر سبھا کے صدر گلچین سنگھ چاڑک نے اپنی تقریر میں خواتین کی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی برائیوں نے جنم لیا انہیں ختم کرنے کے لئے ماں شکتی کو آنا پڑا۔ اس پروگرام کا آغاز صدر سبھا کے صدر نے روائیتی چراغ روشن کر کے کیا۔پروفیسر انیتانے اس موقعہ پر خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ڈی ایس ایس کے صدرنے ڈوگرہ صدر سبھاکے اغراض امقاصد اور اس کی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔نامور گلوکارہ مس سیما انیل سہگل نے ڈوگری گیت پیش کیا۔ نائب صدر ڈی ایس ایس کرنل کرن سنگھ نے قرار داد پڑھ کر سنائی اور شکریہ کی تحریک پیش کی۔