عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے سرکاری ملازمت دلانے کے نام پر مبینہ فراڈ، جعلسازی اور دھوکہ دہی کے 11 مقدمات میں مطلوب ایک ملزم کو برسوں تک گرفتاری سے بچنے کے بعد گرفتار کر کے عدالتی احکامات کے تحت سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا ہے۔ای او ڈبلیو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالمجید میر، ساکن لشتیال، کلاروس، ضلع کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سرینگر کی جانب سے جاری طویل عرصے سے زیرِ التوا وارنٹ کی تعمیل میں گرفتار کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف 2015 میں کرائم برانچ کشمیر میں درج ایف آئی آر کے تحت دھوکہ دہی، جعلسازی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور مجرمانہ سازش سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ای او ڈبلیو کے مطابق عبدالمجید میر ایک عادی ملزم ہے اور اس کے خلاف کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرکاری ملازمتوں کے نام پر جعلسازی اور جعلی تقرری ناموں کے استعمال سے متعلق مجموعی طور پر 11 مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے چار مقدمات زیرِ تفتیش ہیں، جبکہ سات مقدمات میں چارج شیٹ متعلقہ عدالتوں میں پیش کی جا چکی ہیاقتصادی جرائم ونگ نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیجنے کے احکامات صادر کیے گئے، جس کے بعد اسے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا گیا۔ای او ڈبلیو کے مطابق ملزم کے خلاف 2015 سے 2026 کے دوران کرائم برانچ کشمیر، ای او ڈبلیو کشمیر، میسومہ، کپواڑہ، پانتہ چوک اور لال بازار پولیس تھانوں میں مختلف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔