عظمیٰ نیوزسروس
جموں//قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے پیر کے روز اعلان کیا کہ انہوں نے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کی جانب سے آرٹیکل 370سے متعلق پیش کی گئی ترمیم مسترد کر دی ہے، کیونکہ اسی موضوع پر ایوان پہلے ہی ایک قرارداد منظور کر چکا ہے۔سوالات کے وقفے کے بعدسجاد غنی لون نے آرٹیکل 370، آرٹیکل 35اے، ریاستی حیثیت کی بحالی اور ریزرویشن کی معقول تقسیم سے متعلق ترامیم کو مسترد کیے جانے پر سپیکر سے سوال اٹھایا۔سپیکر نے کہا کہ انہوں نے ترمیم اس لیے مسترد کی کیونکہ قواعد کے تحت ان امور پر بحث کی اجازت نہیں ہے جن پر پہلے ہی ایوان میں بحث ہو چکی ہو یا جن پر ایوان کوئی فیصلہ کر چکا ہو۔ریاستی حیثیت کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی حکومت کے دائرۂ اختیار سے باہر ہے۔اس پر سجاد غنی لون نےسپیکر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی حیثیت کے حوالے سے کوئی قانون منظور کرانے کی بات نہیں کر رہے تھے، بلکہ صرف اس کی بحالی کے بارے میں اپنی نیت کا اظہار کر رہے تھے۔