پونچھ/منڈی// چٹانی بابا شری بڈھا امرناتھ کے لئے ہر سال کی طرح اس بار بھی دشنامی اکھاڑا سے بڈھا امرناتھ منڈی کے لئے چھڑی یاترا روانہ ہوئی۔اس سلسلہ میں اکھاڑا منڈر میں چھڑی کی پوجا کی گئی جس کے بعدایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت سوامی ایک ہزارآٹھ وشو آتمام نند سرسوتی نے کی۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر چندر پرکاش گنگا نے شرکت کی جبکہ اس موقعہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے،ایم ایل سی یشپال شرما، ایم ایل سی وبودھ گپتا، ایم ایل سی پردیپ شرما، ایم ایل اے رویندر ینہ،قانون ساز کونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین جہانگیر حسین میر، کانگریس سینئر لیڈر چوہدری عبدالغنی، سرپنچ تاج میر، بسنت رام ، ستیش ساسن، نریندر سنگھ، ایڈووکیٹ محمد زمان، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج،ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر ،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے۔، برگیڈ کمانڈر 93انفینٹری برگیڈ نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سوامی وشو اتما رام جی نے پونچھ کی عوام کو اپنا روایتی بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بڈھاامرناتھ یاترا ،چھڑی یاترا اور رکشا بندن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جو پورے ملک سے آنے والے لوگوں کا استقبال کرتے ہیں ۔ سوامی کے خطاب سے قبل مہمانان گرامی اور مقامی لوگوں نے عوام سے پونچھ بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل کی ۔ اس تقریب کے فورا ًبعد چھڑی روانہ کی گئی جہاں ضلع پولیس کی جانب سے چھڑی مبارک کو سلامی دی گئی۔ اس دوران سوامی جی کو پھولوں سے تیار کی گئی پالکی میں ان کے عقیدتمندوں نے اپنے کاندھوں پر اٹھایا اور مذہبی روایتی نعرے لگا ئے ۔اس بار بھی چھڑی یاترا میں شامل یاتریوں کے لئے پورے راستے میں کھانے پینے کے اسٹال لگائے گئے تھے ۔منڈی کے صدر مقام پرپہنچنے پر منڈی سیول سوسائٹی کے کارکنان غلام عباس،شمیم گنائی، تاج میر،عبدالاحدبٹ،ماسٹر اکبر علی انصاری،محمد فاروق خان، فاروق گریستہ، طارق منظور، امیر الدین، مبشر حسین بانڈے،فاروق احمد نجاراور دیگران نے پھولوں کے ہار پہنا کر سوامی وشو آتما نند سرسوتی اور چھڑی کا استقبال کیا۔یہ چھڑی سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ دن کے تین بجے منڈی پہنچی جس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے ۔ اس سال پولیس نے گزشتہ سال سے زیادہ سیکورٹی انتظامات کئے ہوئے تھے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کچھ شر پسندوں کی جانب سے امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کو دیکھتے ہوئے اس سال پولیس نے یاترا شروع ہوتے ہی تمام جگہوں پر سیکورٹی کے انتظامات کو سخت کر دیا تھاجس کی منڈی کے لوگوں نے سراہنا کی ہے ۔منڈی پہنچنے پر سیول سوسائٹی کی جانب سے اسپتال چوک میں یاترا کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔دریں اثنا سنیچر کو بھی بیرون ریاست سے 700 سے زائد یاتریوں نے بڈھا امر ناتھ منڈی میں حاضری دی اور اس کے ساتھ ہی بیرون ریاست کے یاتریوں کی آمدکا سلسلہ ختم ہوگیا۔