عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں کے نگروٹہ علاقے میں دریائے توی میں ڈوبنے والے تینوں نوعمر لڑکوں کی لاشیں تین روز سے جاری ریسکیو اور تلاش آپریشن کے دوران برآمد کر لی گئی ہیں۔متوفیان کی شناخت سونم دت، باوش کول اور آدتیہ پنڈت کے طور پر ہوئی ہے، جو سب جگتی، جموں کے رہائشی تھے۔یہ تینوں لڑکے اتوار کی شام جگتی، نگروٹہ کے قریب دریائے توی کے پاس گئے تھے جہاں وہ ڈوب گئے اور اس کے بعد سے لاپتہ تھے۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور تلاش آپریشن شروع کیا گیا جو منگل کو تیسرے روز بھی جاری رہا۔حکام کے مطابق دو لاشیں پیر کے روز برآمد کر لی گئی تھیں جبکہ تیسری لاش منگل کو نکالی گئی۔حکام نے بتایا کہ تینوں لاشیں قانونی کارروائی کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔دریں اثنا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے بات کر کے جاری ریسکیو اور تلاش آپریشن کا جائزہ بھی لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’نوجوان جانوں کا ضیاع انتہائی دل دہلا دینے والا ہے۔ میری گہری تعزیت اور دلی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیراعلیٰ نے غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے لیے طاقت اور تسلی کی دعا بھی کی۔