جموں //درجہ چہارم کی اسامیوں کیلئے بلاک سطح پر بھرتیاں عمل میںلانے کے متعلق نیشنل کانفرنس کے سینئر رکن محمد شفیع اوڑی کی قرارداد تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کی بھرپور حمایت کے باوجود آخر کار زبانی ووٹوں سے نامنظور کردی گئی ۔قانون ساز اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر وممبر اسمبلی اوڑی محمد شفیع اوڑی کی طرف سے درجہ چہارم اسامیوں کو بلاک سطح پر بھرتی کرنے کے متعلق ایک قرار دادپیش کی تھی جس پر محمد شفیع اوڑی نے اس قرارداد کے متعلق بیان کیا جس کے بعد اس قرارداد کی حمایت ممبر اسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین ، ممبر اسمبلی رفیع آباد یاور دلاور میر ، بی جے پی ممبر اسمبلی آر ایس پٹھانیہ ، پی ڈی پی ممبر اسمبلی کرناہ راجہ منظور ، پی ڈی پی ممبر اسمبلی بارہمولہ جاوید حسین بیگ ، بی جے پی ممبر اسمبلی سکھ نندن کمار چودھری ،پی ڈی پی ممبر اسمبلی پلوامہ محمد خلیل بند اور نوانگ ریگزین جورا نے کی۔ اس بیچ محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ایوان کو بتایا کہ موصوف کا سیاسی تجربہ یہاں موجود ممبران میں سے سب سے زیاہ ہے ۔انہوں نے اس قراردادکے متعلق کچھ خدشات پیش کئے ۔جس کے بعد اس قرارداد کو تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کی بھرپور حمایت کے باوجود آخر کار زبانی ووٹوں سے نامنظور کر دیا گیا ۔