سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا،فوجیوں کی ثابت قدمی کی تعزیف کی
سمت بھارگو
راجوری//لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوشش ناکام بنائے جانے کے ایک دن بعد شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے راجوری سیکٹر کا دورہ کر کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی صورتحال اور جاری انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فوجی جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور مشکل حالات میں ان کی خدمات کو سراہا۔فوجی ذرائع کے مطابق آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما کے ہمراہ وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا اور دیگر سینئر فوجی افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے پونچھ ضلع کے اندرونی علاقے شاہستار اور ضلع راجوری کے ایل او سی پر واقع ہنجنوالی سیکٹر کا معائنہ کیا۔فوج کے مطابق اس دورے کا مقصد سرحدی علاقوں میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور اندرونی علاقوں میں جاری انسدادملی ٹینسی کارروائیوں کی پیش رفت کا معائنہ کرنا تھا۔ اس موقع پر آرمی کمانڈر کو انٹیلی جنس نظام، نگرانی کے طریقہ کار اور آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جو موجودہ پیچیدہ سیکورٹی صورتحال میں فوجی کارروائیوں کو مؤثر بنانے کیلئے نہایت اہم قرار دی گئی۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور مشکل حالات میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوان سخت موسمی حالات اور چیلنجنگ ماحول کے باوجود پوری لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جو قابلِ تحسین ہے۔یہ دورہ اس واقعہ کے ایک دن بعد ہوا جب بدھ کی صبح راجوری سیکٹر میں ٹھل پھڑہ گاؤں کے قریب لائن آف کنٹرول پر تین سے چار بھاری ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوںنے دراندازی کی کوشش کی تھی تاہم بھارتی فوج کی گھمبیربٹالین اور ہنجنوالی بٹالین کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا اور ملی ٹینٹوں کو واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔فوجی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے اور ایل او سی پر کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ دراندازی کی کسی بھی کوشش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔