منڈی//ساوجیاں حد متارکہ پر ہند وپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے بعد دسویں جماعت کے بورڈ امتحان منعقد کئے گئے۔ شدید گولوں اور گولیوں کے درمیان ہائر سکنڈری اسکول ساوجیاں میں دسویں جماعت کا سائنس مضمون کا پرچہ طلبا سے کیا گیا ۔واضح رہے کہ سرمائی زون میں آجکل دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحان منعقد ہو رہے ہیں اورمنگل کی صبح ساوجیاںسیکٹر میں ہند وپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ جاری رہا جس کی وجہ سے علاقہ میں بس رہے لوگوں میں شدید خوف وحراس دیکھنے کو ملا۔ گولہ باری کا تبادلہ دوپہر ڈیڑھ بجے تک جاری رہا ۔منگل کو دسویں جماعت کا سائنس مضمون کا امتحان ہونا تھا جو گولہ باری کے ختم ہونے کے بعد ہائر سکنڈری سکول ساوجیاں میں منعقد کیا گیا ۔اس حوالے سے امتحان دے رہے طلبا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نہایت ہی خوف اور دہشت میں انہوں نے آج کا پرچہ دیا ۔طلبا نے کہا کہ ان حالات کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔محمد اسحق نامی طالب علم نے کہا کہ صبح سے ہی علاقہ میں شدید گولہ باری کا سلسلہ چلتارہا جو کہ بعد دوپہر رک گیا لیکن اس گولہ باری کی وجہ سے وہ ذہنی طور امتحان کے لئے تیار نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحان مرکز میں پہنچ کر بھی ان کے کانوں میں گولہ باری کی آواز گونج رہی تھی اور سائنس کے پرچے میں کافی حد تک وہ ذہنی طور متاثر رہے۔ امتحان انتظامیہ نے کہا کہ گولہ باری کی وجہ سے کچھ طلبا آج کا پرچہ نہ دے سکے اور جن طلبا نے آج امتحان میں حصہ لیا وہ کافی حد تک سہمے ہوئے تھے ۔ یادرہے کہ بدھ کو بارہویں جماعت کا انگریزی پرچہ ہونا ہے ۔شبیہ الحسن بارہویں جماعت کے ایگزامینرہیںجنہوںنے کہا کہ بچوں میں گولہ باری کی وجہ سے کافی خوف وحراس پایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کل امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔