جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ گورنر انتظامیہ جموں خطے میں سیاحتی سیکٹر کو ترقی دینے کے سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے علاوہ ریاست میں اہم صنعتی شعبوں کو فروغ دینے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیاحت کے شراکتدار اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ سیکرٹری ٹورازم رگزن سیمفل ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں او پی بھگت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی عاسف خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ہوٹلوں ، ریسٹوران ، کٹڑہ ، بھدرواہ ، پتنی ٹاپ سے تعلق رکھنے والے بار اینڈ لاجز ایسوسی ایشن ، جموں ہیری ٹیک سوسائیٹی ، رگھوناتھ بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، چیمبر آف انڈسٹریز اینڈ کامرس اور ٹیکسی اوپریٹرز ایسوسی ایشن کے نمائیندے بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں جموں خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ جموں فیسٹیول کو احسن طریقے پر منعقد کرنے کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ مشیر موصوف نے سیاحت شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام شراکتداروں کی تجاویز اور خیالات کو سراہا اور کہا کہ محکمہ اور تمام شراکتدار مشترکہ طور جموں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں کریں گے ۔