سول سیکرٹریٹ جموں میں وفود سے ملاقات کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں //نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری نےایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں اور سری نگر دونوں شہروں کی متوازن اور مساوی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف عوامی اور انفرادی وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔سابق ایم ایل سی رتن لال گپتا کی قیادت میں ایک وفد، جس میں تیجندر پال سنگھ (امان) بھی شامل تھے، نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جموں شہر کی ترقی سے متعلق کئی مسائل اور مطالبات پیش کیے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام خطوں کی جامع اور مضبوط ترقی پر توجہ دے رہی ہے، خاص طور پر جموں اور سری نگر جیسے بڑے شہری مراکز پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعدد ترقیاتی اقدامات جاری ہیں، جن میں شہروں کی خوبصورتی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اپ گریڈیشن، سڑکوں اور شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے، تاکہ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ جموں خطے میں روزمرہ عوامی زندگی کو متاثر کرنے والے مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جائے۔ملاقات کے دوران دیگر وفود اور افراد نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سڑکوں، پلوں کی تعمیر، روزگار کے مواقع، صنعتی ترقی، پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر عوامی فلاحی مسائل اٹھائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ وفود کی جانب سے اٹھائے گئے تمام جائز مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ فوری طور پر اٹھائے جائیں گے تاکہ ان کا بروقت اور مناسب حل نکالا جا سکے۔