عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ موجودہ نیشنل کانفرنس حکومت جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے پوری سنجیدگی، خلوص اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے ازالے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں ہو یا حزبِ اختلاف میں، اس کی سیاست اور جدوجہد کا محور ہمیشہ عوامی خدمت رہا ہے۔پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو آئندہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی خود حکمرانی کے ادارے جمہوری نظام کی بنیاد ہوتے ہیں اور انہی اداروں کے ذریعے حکومت عوام کی دہلیز تک پہنچتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان، تعلیم یافتہ، باصلاحیت، دیانتدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے افراد کو آگے لا کر انہیں عوامی نمائندگی کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ نچلی سطح پر بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ مل سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بلا تاخیر بحال کرے گی تاکہ جمہوری حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکے۔