فیاض بخاری
بارہمولہ// قصبہ بارہمولہ میں گرو نانک سکول سے خانپورہ تک قومی شاہراہ کی ابتر حالت نے مقامی آبادی، تاجروں، طلبہ اور مسافروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ یہ سڑک بیکن محکمہ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، تاہم طویل عرصے سے اس کی مناسب مرمت اور میکڈمائزیشن نہ ہونے کے باعث عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق چند ماہ قبل سڑک کی صرف عارضی مرمت کی گئی تھی، لیکن اس سے سڑک کی حالت بہتر ہونے کے بجائے گرد و غبار اور آلودگی میں مزید اضافہ ہوا۔ شاہراہ کے کنارے کاروبار کرنے والے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہر وقت اڑنے والی دھول ان کے کاروبار کو متاثر کر رہی ہے اور گاہکوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ شاہراہ بارہمولہ کی مصروف ترین سڑکوں میں شمار ہوتی ہے جہاں دن بھر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ سڑک کے اطراف متعدد تعلیمی ادارے بھی واقع ہیں، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو روزانہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارش کے دوران سڑک پر پانی جمع ہونے سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ گاڑی چلانے والوں کے لیے بھی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔مقامی تاجروں، سماجی کارکنوں اور رہائشیوں نے ضلع انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، بی کن محکمہ اور رکن اسمبلی بارہمولہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم شاہراہ کی فوری مرمت کر کے نئی میکڈم بچھائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔قابل ذکر ہے کہ یہ سڑک ’’گیٹ وے آف کشمیر‘‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے اور روزانہ مقامی و بیرونی گاڑیوں کی بڑی تعداد اس راستے سے گزرتی ہے، جس کے پیش نظر اس شاہراہ کی بہتر حالت نہایت ضروری سمجھی جا رہی ہے۔