عظمیٰ نیوز سروس
چرار شریف//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے کل چرار شریف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انجینئرز کے ساتھ موقع پر ہی پروجیکٹ کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ اندرابی نے جاری انفراسٹرکچر پروجیکٹس کے حوالے سے لوگوں سے بات چیت کی۔ وقف چیرپرسن نے وقف بورڈ کی جانب سے چرار شریف کے لوگوں کو ایک نئی ایمبولینس گاڑی سونپی۔ مقامی سول سوسائٹی کے اراکین نے عام لوگوں کے لیے درگاہ پر ایمبولینس سروس کے لیے ڈاکٹر اندرابی کا شکریہ ادا کیا۔ اندرابی نے کہا، “جب کہ ہم درگاہ پر مسلسل عظیم الشان انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں، لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات پیدا کر رہے ہیں، درگاہ اور کیمپس کو خوبصورت بنا رہے ہیں، یہ ایمبولینس سروس چرارِ شریف کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرے گی”۔ان کے ہمراہ قاضی مشتاق ایگزیکٹو انجینئر، سید غلام مرتضیٰ اے ای ای، رحمت اللہ بھٹ ایڈمنسٹریٹر بھی موجود تھے۔