محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے حجاجِ کرام فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد بحفاظت اپنے گھروں کو واپس پہنچ رہے ہیں۔ حجاج کی واپسی پر ضلع بھر میں خوشی اور مسرت کی فضا دیکھنے میں آئی، جبکہ اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور مقامی افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک عظیم رکن ہے، جس کی ادائیگی ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ رواں سال پونچھ کے متعدد خوش نصیب عازمین نے حرمین شریفین کی حاضری کی سعادت حاصل کی اور مناسکِ حج کو بخوبی ادا کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی، امن و استحکام اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
حجاجِ کرام نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیت اللہ اور روضہ رسول ﷺ کی حاضری ان کی زندگی کا سب سے یادگار اور روح پرور تجربہ رہا۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات اور انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران انہیں عبادات کی ادائیگی کے لیے بہترین ماحول میسر آیا۔ضلع پونچھ کے مختلف سماجی، مذہبی اور عوامی حلقوں نے حجاجِ کرام کی بحفاظت وطن واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ حج انسان کی روحانی تربیت، صبر، ایثار، اخوت اور اللہ تعالیٰ کی کامل اطاعت کا درس دیتا ہے اور حاجیوں کو چاہیے کہ وہ حج کے دوران حاصل ہونے والی روحانی کیفیت اور اخلاقی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھیں۔اس موقع پر عوام الناس نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاجِ کرام کا حج مبرور اور سعی مشکور فرمائے، ان کی عبادات کو شرفِ قبولیت بخشے اور انہیں اپنی رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں سے مالا مال کرے۔ ساتھ ہی یہ دعا بھی کی گئی کہ اللہ تعالیٰ آئندہ برس بھی مزید مسلمانوں کو حجِ بیت اللہ کی سعادت نصیب فرمائے۔