عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے دہرہ گلی علاقے میں جمعرات کی شام ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ٹاٹا موبائل کے درمیان زوردار تصادم کے نتیجے میں باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا جبکہ مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی انجام دیتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ شام تقریباً 5 بجکر 20 منٹ پربفلیازکے قریب اْس وقت پیش آیا جب دہرہ گلی (DKG) کی جانب سے آرہا ایک ٹریکٹر ٹرالی، جس کا رجسٹریشن نمبر JK12B-1882 بتایا جا رہا ہے، سامنے سے آنے والی ٹاٹا موبائل گاڑی نمبر JK11H-6803 سے ٹکرا گیا۔ تصادم کافی شدید تھا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کی شناخت طارق حسین ولد محمد ایوب اور محمد ایوب ولد باگا، ساکنان مدانہ، کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور ڈرائیوروں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔