عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں ایک فوجی کیمپ کے اندر فائرنگ کے واقعے میں فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کی موت ہو گئی۔ایک دفاعی ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی رات دیر گئے پیش آیا اور اس کی تفتیش جاری ہے۔انہوں نے ملی ٹینسی کے کسی زاویے کو مسترد کرتے ہوئے کہا’’سانبہ میں ایک آرمی یونٹ کا ایک جے سی او جموں میں ڈیوٹی کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوا اور بدقسمتی سے ڈیوٹی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس مرحلے پرملی ٹینسی کے زاویے سے انکار کیا گیا ہے‘‘۔ترجمان نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور حقائق سامنے آنے پر مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔فوج کی رائزنگ سٹار کور نے جوان کی شناخت صوبیدار سرجیت سنگھ کے طور پر کی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’رائزنگ سٹار کور بہادر صوبیدار سرجیت سنگھ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جموں میں آپریشنل ڈیوٹی پرعظیم قربانی دی۔ فوج غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور غیر متزلزل حمایت کا یقین دلاتی ہے‘‘۔