عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت نے اُدھمپور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک ویڈیوز کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے واقعے کی تحقیقات کا باضابطہ حکم جاری کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے جی ایم سی جموں کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر آشو توش گپتا کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے باقاعدہ آرڈر نمبر 67جے کے (ایچ ایم ای) 2026، مورخہ 28 جنوری کے تحت پروفیسر ڈاکٹر آشو توش گپتا، پرنسپل جی ایم سی جموں کو انکوائری آفیسر نامزد کیا ہے۔ حکومتی حکم نامے کے مطابق انکوائری آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیں، جن میں انتظامی، حفاظتی اور ادارہ جاتی معاملات شامل ہیں۔ رپورٹ کو تفصیلی اور مدلل انداز میں تیار کر کے 15 دن کے اندر حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ حکم محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس پر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ، سیکریٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دستخط موجود ہیں۔ حکم نامے کی نقول وزیرِ اعلیٰ، لیفٹیننٹ گورنر، وزارتِ داخلہ اور متعلقہ پرنسپلز کے دفاتر کو بھی روانہ کی گئی ہیں تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ واضح رہے کہ جی ایم سی اُدھمپور سے متعلق ویڈیوز کے منظرِ عام پر آنے کے بعد حکومتی سطح پر سنجیدہ نوٹس لیا گیا، جس کے نتیجے میں وقتِ مقررہ کے اندر انکوائری مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔