اننت ناگ //جنوبی کشمیر کے متعدد ندی نالوں سے ریت اور باجری نکالنے کی وجہ سے ان کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے جبکہ ان میں پائی جانے والی نایاب مچھلیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔نالہ برنگی، آرپتھ، ساندرن، وشو، لدر اور دیگر نالے جو آگے چل کر ایک ساتھ مل کردریائے جہلم میں جاملتے ہیں ،سے ریت اور باجری نکانے کا سلسلہ جاری ہے ۔اس صورتحال سے نہ صرف فلڈ چینل کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ ان کی چوڑائی بھی غیر قانونی قبضہ کے باعث گھٹ رہی ہے۔ ندی نالوں کا صاف و شفاف پانی نکاسی کے باعث آلودہ ہورہا ہے۔ندی نالوں میں مسلسل جے سی بی و دیگر مشینوں کے استعمال سے مزید نقصان پہنچ رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان ندی نالوں میں بغیر کسی رکاوٹ سے دن رات کام جاری ہے۔دوران شب ان مشینوں کے شور سے دریا کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو سخت کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ادھر سنیچرکی شام دیر گئے ڈورو پولیس نے لارکی پورہ میں نالہ برنگی پر چل رہے غیر قانونی کام میں مصروف 3 جے سی بی، 2 ٹپر اور ٹریکٹر کو ضبط کرکے 5 افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔