کٹھوعہ//جموں کو الگ ریاست کا درجہ دلانے کے لئے شروع کی گئی مہم کے تحت پینتھرز پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اس مقصد کے لئے یکم مارچ سے پورے جموں خطہ میں تحریک چلائے گی۔ بسوہلی کے دھانہ علاقہ میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منکوٹیہ نے کہا کہ پورے جموں خطہ میں ایک منظم ڈھنگ سے تحریک شروع کی جائے گی اور اس کے لئے تمام علاقوں میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے بے روزگار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انصاف دلانا ان کا بنیادی مقصد ہے ۔ منکوٹیہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے جب جموں کے لوگ متحد ہو کر بی جے پی کو اکھاڑ پھینکیں جس نے جموں والوں کے ساتھ فریب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا لیڈر 1947سے ہی جموں کے چمپئن بنے ہوئے تھے لیکن جوں ہی اقتدار کی بات آئی تو تمام اصولوں اور نعروں کو پس پشت ڈال دیا گیا ۔ اس موقعہ پر درجنوں نوجوانوںنے پینتھرز پارٹی کا دامن تھام لیا، منکوٹیہ نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اسے پارٹی کو علاقہ میں مزید تقویت ملے گی۔ پارٹی کے ضلع صدر رومن شرما، یوتھ ضلع صدر بلبیر سنگھ ، ٹریڈ یونین، ڈسٹرکٹ صدر منوج گپتا اور سابق سرپنچ جنرل سیکرٹری رمیش گپتا وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔