سرینگر //گذشتہ دو دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں روزانہ ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد میں کمی آنے کی وجہ سے متاثرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کے جموں و کشمیر میں صرف 33ہزار539ٹیسٹ کئے گئے جن میں 31سفر کرنے والوں سمیت 3677افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جبکہ سرینگر شہر میں 30دنوں کے بعد متاثرین کی تعداد 500سے کم ہوگئی ہے ۔ اس دوران مزید 63افراد وائرس سے فوت ہوگئے ہیں جبکہ متوفین کی مجموعی تعداد 3090تک پہنچ گئی ہے۔دو روز قبل جموں و کشمیر میں روزانہ 40ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کئے جاتے تھے لیکن عید الفطر کے سبب تشخیصی ٹیسٹوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ سنیچر کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے صرف 33ہزار539ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3677افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ تازہ متاثرین میں 1728جموں جبکہ 1949افراد کشمیر میں متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 1949متاثرین میں 6افراد بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ 1943افراد مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 1949متاثرین میں سرینگر میں 404،بارہمولہ میں 129، بڈگام میں 262، پلوامہ میں390، کپوارہ میں 110، اننت ناگ میں 188،بانڈی پورہ میں 147، گاندربل میں 80، کولگام میں 160 اور شوپیان سے 70 افراد تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 47ہزار462تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی میں مزید 26افراد وائرس سے فوت ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں صدر اسپتال میں 5، سکمز صورہ ، ضلع اسپتال پلوامہ میں 4، سکمز صورہ میں 3، جے وی سی بمنہ میں 3، جی ایم سی اننت ناگ میں 2، ضلع اسپتال کولگام میں 2، سی ڈی اسپتال میں ایک، رعناواری اسپتال میں ایک، کیمونٹی ہیلتھ سینٹر کپوارہ میں ایک، سب ضلع اسپتال ٹنگ مرگ میں ایک، ٹروما اسپتال بجبہاڑہ میں ایک اور ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں ایک شخص فوت ہوا ہے۔ جموں میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 1728افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔متاثرین میں 25بیرون ریاستوں اور ممالک سے جموں پہنچے جبکہ 1703مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے تازہ متاثرین میںضلع جموں میں 621، ادھمپہور میں 163، راجوری میں 250، ڈوڈہ میں 46، کٹھوعہ میں 137، سانبہ میں 145، کشتواڑ میں 34، پونچھ میں 102، رام بن میں 108 جبکہ ریاسی میں 122افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 93ہزار کا ہندسہ پار کرکے 93005ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 37افراد جموں میں فوت ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں جی ایم سی جموں میں 11، جی ایم سی راجوری میں 6، سی ڈی اسپتال جموں میں ایک، جی ایم سی لدھینہ میں ایک، ضلع اسپتال ادھمپور میں ایک، ایسکام جموں میں 2، ضلع اسپتال رم بن میں 2،ضلع اسپتال پونچھ میں ایک، ایس ایم وی این ایچ کٹرا میں ایک،زچگی اسپتال اکھنور میں ایک،زچگی اسپتال پٹھانکوٹ میں ایک، کیمونٹی ہلیتھ سیکٹر ہیرانگر میں ایک، سی ایچ سی سندربی میں ایک،آکاش اسپتال دہلی میں ایک جبکہ 5افراد گھروں میں فوت ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 1400کا ہندسہ پار کرکے 1408ہوگئی ہے۔