پونچھ//جموں پونچھ شاہراہ مختلف مقامات پر خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کی جانب سے پارٹی کے سینئر لیڈر ردھم پریت سنگھ کی قیادت میں کنویاں میں انتظامیہ کی ناکامیوں کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے انصاف کیلئے نعرے بازی کی۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پونچھ نوشہرہ کنویاں میں خستہ حال ہے اور انتظامیہ طویل عرصے سے اس بدترین سڑک کی مرمت کرنے کیلئے کوئی پہل نہیں کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کنویاں کے قریب عمر کالونی میں اس سڑک کی حالت سب سے زیادہ خراب ہے جو کہ پونچھ ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور کوئی بھی انتظامی افسر اس سنگین معاملے کو نہیں دیکھ رہا ہے جب کہ تمام عہدیداران، سیاسی رہنما اس سڑک سے روزانہ گزرتے ہیں۔ جے کے پی سی لیڈر ردھم پریت نے سیاسی لیڈروں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر منتخب ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی ممبران اپنے ذاتی فائدے کیلئے عوام کے ووٹ اکٹھے کرتے ہیں اور اب خاموش نظر آتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کی اپیل کی۔ اس احتجاج کے دوران جن دیگر لیڈران نے خطاب کیا ان میں نثار احمد، کرم ویر سنگھ، عمران کوہلی، محمد شہبان اور عمر کالونی کے مقامی بشیر احمد، عمران چودھری، غلام رسول، عبدالمجید، عاشق رشید، محمد زید، محمد زید شامل تھے۔ رشید، محمد اسلم، حق نواز، محمد آصف، محمد اخلاق، ظفر اقبال، محمد طاہر، جاوید اقبال، وسیم سجاد، ممتاز احمد، محمد ارشد، محمد اکرم قابل ذکر ہیں۔