درجنوں افراد کی اپنی پارٹی میں شمولیت، ریاستی درجہ بحالی کی جدوجہد تیز کرنے کا اعلان
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر کی وحدت پر زور دیتے ہوئے جموں کیلئے علیحدہ ریاست کے مطالبے کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو تقسیم کرنے کی کوششیں عوام کے مفاد میں نہیں بلکہ سیاسی انتشار کو بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں۔گاندھی نگر جموں میں ایک شمولیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام خواتین ونگ کی صوبائی صدر پونیت کور اور ضلع صدر اقلیتی ونگ آر ایس پورہ اندرپال سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس کے ریٹائرڈ انسپکٹر پرمجیت سنگھ، ہرجیت سنگھ، شام چودھری، للت کمار سمیت درجنوں افراد نے الطاف بخاری کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اپنے خطاب میں الطاف بخاری نے نئے شامل ہونے والے افراد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطے میں پارٹی کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے، تاہم حالیہ دنوں میں کچھ عناصر کی جانب سے علیحدہ جموں ریاست کا مطالبہ تشویشناک ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض قوتیں علاقائی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم پیدا کرنا چاہتی ہیں، جس سے جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان دوریاں بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کی پالیسیوں نے عوام کو مایوس کیا ہے اور ترقیاتی و روزگار کے مسائل حل کرنے میں ناکامی کے باعث عوام کا اعتماد کمزور ہوا ہے۔الطاف بخاری نے کہا کہ عوام اب تقسیم کی سیاست کو قبول نہیں کریں گے بلکہ ایسے ایجنڈوں کو مسترد کریں گے جو خطے میں اختلافات کو فروغ دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو متحد ہو کر مکمل اختیارات کے ساتھ ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ دونوں خطوں کی یکساں ترقی ممکن ہو سکے۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ، چیف کوآرڈی نیٹر عبدالمجید پڈر، سینئر رہنما ایم کے یوگی سمیت مختلف ونگز کے عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی عوامی مسائل کے حل اور خطے کی خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔