سمت بھارگو
راجوری //چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اپیندر دویدی نے راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع میں پسِ پشت علاقوں کی سیکورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا تاکہ آپریشنل صلاحیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ہفتہ کے روز اپنے روزہ دورہ جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کے دوران جنرل اْپیندر دویدی نے راجوری میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، جاری آپریشنز اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ فوج کے مطابق یہ اجلاس کاؤنٹر انسارجنسی فورس (سی آئی ایف) رومیو کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا، جو وائٹ نائٹ کور کے تحت کام کرتی ہے۔اس سے قبل آرمی چیف نے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعینات دستوں کی تیاریوں اور چوکسی کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں وہ سی آئی ایف (آر) کے ہیڈکوارٹر بھی پہنچے، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی چیلنجز اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی جائزہ اجلاس میں ناردرن کمانڈ کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، رومیو فورس کے جی او سی میجر جنرل وجے مہادیون، ڈی آئی جی راجوری-پونچھ رینج تیجندر سنگھ، ایس ایس پی راجوری گورو سکرور سمیت فوج، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آرمی چیف کو جاری انسدادِ ملی ٹینسی آپریشنز،سیکورٹی گرڈ کی مؤثریت اور مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ بات چیت کے دوران مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور جدید تکنیکی وسائل کو آپریشنز میں شامل کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔جنرل اْپیندر دویدی نے تمام افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور غیر متزلزل عزم کی ستائش کی۔ انہوں نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود بلند سطح کی تیاری برقرار رکھنے پر سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔ فوج کے بیان کے مطابق اس دورے نے فوج کے عزم، چوکسی اور آپریشنل برتری پر واضح توجہ کو ایک بار پھر اجاگر کیا۔دریں اثنا، دورے کے موقع پر آرمی چیف نے سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے منتخب افسران کو سی او اے ایس تعریفی میڈلز سے بھی نوازا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور ڈپٹی ایس پی آپریشنز شمی کمار بھی شامل ہیں، جن کی خدمات کو سکیورٹی اور عوامی مفاد کے میدان میں سراہا گیا۔