جموں//جموں خطے کے شیعہ فیڈریشن نے آل لداخ مسلم سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن جموں کے اشتراک سے کربلا کمپلیکس میں یک روزہ بین الاقوامی سیرت النّبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا۔اسلامک ریپبلک آف ایران کے ایک مذہبی سکالر آیت اللہ الاعظمیٰ سید علی زادہ الموسوی اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے اور معروف ہندو سکالر کے سوامی سارنگ اس موقعہ پر مہمان ذی وقار تھے۔کانفرنس کی دو نشستیں منعقدہوئی جن میں پہلے نشست کی صدارت حج اور اوقاف کے وزیر سید فاروق احمد اندرابی جبکہ دوسری نشست کی صدارت ایم ایل اے بڈگام آغا سید روح اللہ نے انجام دیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے حج و اوقاف کے وزیر نے آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی ﷺ کے اسوہ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی ۔انہوںنے مذہب اسلام میں امن اور آپسی بھائی چارے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور لوگوں سے تاکید کہ وہ پیارے نبی ﷺ کے مقدس نقش قدم پر چل کر اپنے دین و دنیا کو سنواریں۔مہمان خصوصی آیت اللہ الاعظمیٰ سید علی زادہ الموسوی نے کسی بھی سماج میں امن اور بھائی چارے کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تعلیم فراہم کرنا ایک ضروری عمل قرار دیا۔ انہوںنے شیعہ فیڈریشن کو ناخواندگی دور کرنے میں ا ن کے رول کی ستائش کی۔جن معززین نے تقریب سے خطاب کیا ان میں مولانا اشفاق بخاری ،مولانا سید محمد ہادی ، مولانا کوثر علی جعفری ، ایم ایل اے اصغر علی کربلائی شامل ہیں۔