جموں //ضلع جموں نے 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں 10 لاکھ خوراکیں دینے کا ہدف عبور کیا۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے کہا"ہم نے جموں ضلع میں پہلی خوراک میں 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو 10 لاکھ ویکسی نیشن پار کر دی ہیں۔ جبکہ ہمارا ہدف پہلی خوراک میں 11.60 لاکھ ہے‘‘۔عہدیدار نے بتایا کہ "ضلع میں 5 لاکھ سے زائد لوگوں کو دوسری خوراکیں دی گئی ہیں۔"ضلع جموں میں کل ویکسی نیشن 15 لاکھ ہے۔عہدیدار نے کہا " 18 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے حکومت ہند کی طرف سے کوئی ہدایت نہیں ہے ، اس پر محکمہ صحت کی متعدد میٹنگوں میں بحث ہو رہی ہے اور یہ پائپ لائن میں ہے"۔عہدیدار نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ویکسی نیشن 12 سال سے 18 سال تک شروع ہو سکتی ہے۔ عہدیدار نے کہا "کچھ ممالک میں بچوں کی ویکسی نیشن کے مضر اثرات تھے اسی وجہ سے ہم نے انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی اختیار کی ہے"۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ انہوں نے حاملہ خواتین کی ویکسی نیشن کے لیے شالامار کے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں ایک پنک بوتھ قائم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا "میڈیکل چیک اپ کے لیے آنے والی تمام خواتین کو ایس ایم جی ایس ہسپتال میں ویکسی نیشن کے لیے بھیجا جاتا ہے۔"محکمہ صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے جموں اور اس کے نواحی علاقوں میںکچی آبادیوں اور روہنگیا مسلمانوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے طبی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ "راجیو نگر ، کالیکا کالونی ، مراٹھا بستی ، وغیرہ میں روہنگیا اور کچی آبادیوں کی ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے"۔تفصیل دیتے ہوئے ، عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے پچھلے ہفتے 27 اور پھر 39 کے معاملات میں اضافہ دیکھا تھا ، اور ان میں سے اکثریت مقامی مسافروں کی تھی۔