عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل کود، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، سائنس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگز ستیش شرما کے ہمراہ آج ضلع راجوری کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اِس موقعہ پر اْنہوں نے حالیہ سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور جاری اِمدادی، بچاؤ اور بحالی کارروائیوں کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران وزراء کے ہمراہ ممبر اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اِقبال خان، رْکن اسمبلی راجوری افتخار احمد اور دیگر افسران بھی تھے۔وزراء نے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کی اور رہائشی مکانات، عوامی ڈھانچے، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔اْنہوں نے بیلا کالونی درہالی کابھی دورہ کیا جہاں مسلسل بارشوں کے بعدسیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے درہالی، کھنڈلی، سکھتوہ اور جمولا نالوں میںپانی بھر گیااور کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
درہالی ندی نے بیلا کالونی کے قریب حفاظتی بند توڑ دیاجس سے نئے بس سٹینڈ میں شدید طغیانی آگئی اور درجنوں گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔وزیرجاوید رانا نے کہا کہ سیلاب سے سڑکوں، پانی کی فراہمی اور بجلی کے نظام سمیت عوامی بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جس کی فوری بحالی کے لئے مشترکہ اور ایمرجنسی اَقدامات ناگزیر ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ نقصانات کی وجہ سے کئی دیہی علاقوں کا رابطہ امنقطع ہو گیا ہے جبکہ آبپاشی سکیموں، سیلابی حفاظتی بنڈوں اور رہائشی مکانات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے اور بحالی کے فوری اَقدامات اور متاثرہ کنبوں کو بروقت اِمداد کی ضرورت پر زور دیا۔اْنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی اشتراک کے ساتھ جنگی بنیادوں پر پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی بحالی اور دیگر عوامی سہولیات کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ اْنہوں نے رہائشی مکانات، زرعی اراضی اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا مقررہ مدت میں تخمینہ مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ اِمداد اور معاوضے کی بروقت ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔
جاوید رانا نے بجلی کی فراہمی کی فوری بحالی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث متعدد واٹر سپلائی سکیمیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ اْنہوں نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ بجلی کی سپلائی جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی بلاتاخیر بحال ہو سکے۔وزراء نے متاثرہ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی امداد، بازآبادکاری اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔اْنہوںنے کہاکہ ’متاثرہ کنبوں کو بروقت اِمداد فراہم کرنے، بنیادی سہولیات کی بحالی اور ان کی جلد بازآبادکاری کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ہماری اوّلین ترجیح عوام کی ضروریات کا فوری جواب دینا، ان کی مشکلات کو کم کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر مستحق کنبے تک بلا تاخیر اِمداد پہنچے۔ستیش شرما نے کہا کہ ہماری فوری ترجیح بنیادی سہولیات کی بحالی، متاثرہ کنبوںکی مدد اور تمام محکموں کی مربوط کوششوں کے ذریعے اِمدادی اور بازآبادکاری اَقدامات کو ہر مستحق گھرانے تک بروقت پہنچانا ہے۔وزراء نے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ موسمی انتباہات پر سختی سے عمل کریں اور حالات معمول پر آنے تک سیلاب کے خطرے والے علاقوں کا رْخ کرنے سے اجتناب کریں۔