ایجنسیز
نئی دہلی// وزارت خارجہ نے جمعہ کو کہا کہ وہ ایران کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے سیکورٹی کے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایران میں ہندوستانیوں کی حفاظت سے متعلق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 9000 ہندوستانی شہری موجود ہیں۔ انہوں نے کہا، “ہمارے پاس ایران میں تقریباً 9,000 ہندوستانی شہری ہیں۔ وہ زیادہ تر طالب علم، کاروباری، زائرین، پیشہ ورافراد ہیں۔” جیسوال نے کہا کہ حکومت نے ہندوستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کے سفر سے گریز کریں اور وہاں پہلے سے موجود لوگوں سے کہا ہے کہ اگر ممکن ہو تو وہ وہاں سے چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ “وہاں کی صورتحال کے پیش نظر ہم نے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ہندوستانی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے تمام سفر سے گریز کریں اور ہندوستانی شہری جو پہلے ہی ایران میں رہائش پذیر ہیں، تجارتی پروازوں سمیت دستیاب ذرائع سے ایران چھوڑ دیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گا۔ “ہم وہاں کی صورت حال کو قریب سے دیکھتے رہتے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔”