تھنہ منڈی // واٹر ورکس PHE ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ضلع صدر طاہر احمد شال نے محکمہ میں کام کر رہے عارضی ملازمین کی تنخواہوں کی واگزاری کا مطالبہ کیا ہے۔ تھننہ منڈی کے ٹائون ہال میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکمہ کے مستقل و عارضی ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی جس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر احمد شال نے کہا کہ ایسو سی ایشن کی مسلسل جدو جہد کی وجہ سے ضلع راجوری میں کام کر رہے سی پی ورکرز، نیڈ بیس ورکرز،مستقل ڈیلی ویجرز،آ ئی ٹی آئی تربیت یافتہ اور محکمہ پی ایچ ای کو ٹینکیاں تعمیر کرنے کے لئے اراضی فراہم کرنے والے لوگوں کی آن لائیننگ کی گئی جسکی بنیاد پر ان ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کی صاف شفاف فہرستیں مرتب کرنے کے لئے ریاستی وزیر برائے پی ایچ ای اور چیف انجینئر برائے پی ایچ ای کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کی وجہ سے ان لائیننگ کا کام ہواہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کو چاہیے کہ ان عارضی ملازمین کی جلد از جلد تنخواہیں واگزار کی جائیں۔صدر موصوف نے کہا کہ یہ عارضی ملازمین کئی سال سے فیلڈ میں کام کر کے اس محکمہ کی زینت بڑھا رہے ہیں۔ موصوف نے کہا کہ تنخواہوں کی واگزاری کے لئے اس سے قبل بھی پر امن احتجاج کئے گئے ۔انہوںنے تمام مستقل اور عارضی ملازمیں سے اپیل کی ہے کہ ملازمین کے دیگر مسائل کو حل کروانے کے لئے ڈویژن راجوری میں 19 جولائی بروز بدھوار کو احتجاجی ریلی میں شمولیت کریں تاکہ محکمہ پر دبائو ڈالا جا سکے۔اجلاس میں رحمن ملک جنرل سکریٹری صوبہ جموں،شبیر احمد خان،بشیر خان ،وسیم چوہدری ، بشیر ملک ، نبی شاہ ،پرویز خان اور فاروق نجاربھی موجود تھے ۔